باندہ،23نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے بندہ ضلع میں امتحان فیس جمع کرنے کے لئے بینک سے نقد رقم نہ ملنے سے پریشان گریجویشن کے طالب علم نے پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔واقعہ سے مشتعل دیہاتیوں نے بینک میں زبردست پتھراؤ کیا۔باندہ شہر کوتوال کے پی سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ پچنیہی ڈگری کالج میں بی ایس سی سال دوم کا طالب علم موئی بزرگ گاؤں رہائشی سریش(18)امتحان کی فیس جمع کرنے کے لئے گزشتہ کئی دنوں سے گاؤں کی یوپی الہ آباد دیہی بینک کی شاخ میں اپنے اکاؤنٹ سے نقد رقم نکالنے کے لئے قطار میں کھڑا ہوا لیکن اسے رقم نہیں مل سکی۔انہوں نے بتایا کہ سریش منگل کو صبح سے ہی بینک کے گیٹ کے سامنے قطار میں لگ گیا تھا لیکن اسے دوپہر تک نقد نہیں دی گئی، جس سے مایوس ہو کر وہ گھر واپس آیا اور اپنی ماں کی ساڑھی سے پھندا بنا کر پھانسی لگا لی۔سنگھ نے بتایا کہ بینک کی قطار میں کھڑے دیہی سریش کی خودکشی کی اطلاع پر بھڑک گئے اور بینک میں پتھراؤ کر دیا،بعد میں موقع پر پہنچے ضلع افسران اور پولیس کی یقین دہانی پر عوام کا غصہ کم ہوا۔پولیس نے طالب علم کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کرایا ہے اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔